ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحان کے لئے حفاظتی ضابطہ جاری ، نجی اسکولوں کی طرف سے مکمل فیس کے لئے اصرار، ہال ٹکٹ نہ دینے کی دھمکیاں

کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحان کے لئے حفاظتی ضابطہ جاری ، نجی اسکولوں کی طرف سے مکمل فیس کے لئے اصرار، ہال ٹکٹ نہ دینے کی دھمکیاں

Thu, 15 Jul 2021 11:34:59    S.O. News Service

بنگلورو،15؍جولائی(ایس او  نیوز)کرناٹک میں 19اور 22جولائی کو کروائے جانے والے ایس ایس ایل سی امتحان کے دوران کورونا وائرس سے بچنے کے لئے درکار احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی طرف سے حفاظتی ضوابط جاری کئے گئے ہیں۔ حکومت نے تمام چھ موضوعات پر امتحان کو صرف دو دنوں میں سمیٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کو حال ہی میں ہائی کورٹ کی طرف سے بھی منظوری مل گئی۔

ریاست بھر میں 8.46لاکھ سے زائد طلباء رواں سال ایس ایس ایل سی امتحان لکھنے جا رہے ہیں۔ امتحان کے لئے ریاست بھر میں 4000سے زیادہ مراکز بنائے گئے ہیں۔ حکومت کی طرف سے امتحان کے لئے جو ضابطہ جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق 18جولائی کو تمام امتحانی مراکز میں صفائی لازمی طور پر کروانی ہو گی۔ تمام مراکز میں موجود بیت الخلاء کی صفائی کے لئے سوڈیم ہائیدڈرو کلورائیڈ کا استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ امتحان کے پہلے اور بعد سنٹر کے تمام کمروں کو سیٹی ٹائز کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ طلباء میں امتحان کے دوران اور اس کے بعد سماجی فاصلہ اورماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی طالب علم میں بخار کی علامتیں ہوں تو اس کو الگ کمرے میں بیٹھ کر امتحان لکھنے کی سہولت فراہم کی جائے۔امتحان کی تیاریوں کے بارے میں وزیر تعلیم سریش کمار نے بتایا کہ ریاست بھر میں تیاری پوری ہو چکی ہے۔

تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنروں کو ضلع پنچایتوں کے چیف ایکزی کیوٹیو آفیسروں نے تیاریوں کا جائزہ لے لیا ہے۔ودھان سودھا میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد سریش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ امتحان کے دوران ایک بچے کو بھی پریشانی نہ ہونے پائے اس کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کے دوران بچوں کی حفاظت کے لئے حکومت کی طرف سے تمام بندوبست کیا گیا ہے۔امتحانی مرکز کے ہر کمرے میں احتیاطی تدابیر کے متعلق ایکزامنر کی طرف سے تمام بچوں کو جانکاری دی جائے گی۔

سریش کمار نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو بے خوف ہو کر امتحان لکھنے کے لئے روانہ کریں۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال احتیاطی قدم اور سخت اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کو امتحان کے مرکز تک آنے کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی حکومت کی طر ف سے انتظام کیا جا رہا ہے۔ ہال ٹک دکھا کر بچے امتحان کے مرکز تک بسوں میں مفت سفر کر سکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں تمام ٹرانسپورٹ کارپویشنوں کے منیجنگ ڈائرکٹروں کی طرف سے سرکیو لر کاری کیا جا چکا ہے۔مقامی متتخب نمائندوں اور رضاکار اداروں کی طرف سے امتحان میں حصہ لینے والے بچوں کے لئے پانی کی بوتلوں، ہلکے ٹفن اور اسنیاکس کا انتظام کیا گیا ہے۔

نجی اسکولوں کی زبردستی: اس دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ نجی اسکولوں کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایس ایس ایل سی امتحان کے لئے صرف ان طلباء کو ہال ٹکٹ دی جائے گی جو بقیہ فیس کو مکمل طور پر ادا کریں گے۔ جی اسکولوں کے اس فیصلہ پر والدین نے سخت نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے کہ پورے سال کے دوران چند ماہ کے لئے بھی آن لائن تعلیم نہیں ہو سکی ایسے میں ان اسکولوں کی طرف سے مکمل فیس ادا کرنے کی مانگ کہاں تک جائز ہے۔ ان لوگوں نے اس معاملہ میں ریاستی حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔وزیر تعلیم سریش کمار نے اس معاملہ میں تبصرہ رکرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تمام اضلاع کے ڈی ڈی پی آئی افسروں کو ہدایت دی ہے کہ نجی اسکولوں کی طرف سے ایسی کسی ہدایت ہو تو اس کا پتہ لگائیں اور مناسب کارروائی کریں۔ والدین نے بتایا ہے کہ ہائی کورٹ کی طرف سے واضح ہدایت دی گئی ہے کہ اسکولوں کی طرف سے صرف 70فیصد فیس لی جائے اس کے باوجود عدالت کے حکم کا خلاف ورزی کرتے ہوئے مکمل فیس کے لئے اصرار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس معاملہ میں حکومت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

ایس ایس ایل سی امتحان کیلئے ضروری ہدایات

  • محکمہ تعلیم کی طرف سے ایس ایس ایل سی امتحان لکھنے والے طلباء کے لئے امتحان کے متعلق ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں جو اس طرح ہیں۔
  •  ایک دن امتحان کا پرچہ مسلسل 3گھنٹوں تک جاری رہے گا۔
  • تمام طلباکو امتحان کا پرچہ مکمل ہو جانے کے بعد بھی تین گھنٹے امتحان کے مرکز میں ہی رہنا ہو گا
  • امتحان لکھتے وقت طلباکسی بھی موضوع کے جوابات سے امتحان کی شروعات کر سکتے ہیں
  • اس امتحان میں حصہ لینے والے ری پیٹر طلبا جو صرف ایک پرچے کے لئے ہی امتحان دے رہے ہیں ان کو بھی مسلسل تین گھنٹے بیٹھنا لازمی
  • امتحان کے مراکز میں پینے کے پانی کا انتظام رہے گا۔ بیت الخلاء کو سینی ٹائز کرکے تیار رکھا جائے گا
  •  امتحان سے ایک دن قبل اور بعد تمام امتحانی مراکز کو سینی ٹائز کیا جائے گا۔
  • طلباء کو جوابی پرچو ں میں غلط جواب لکھنے کے بعد اسے مٹانے یا اس کی جگہ پر دوسراجواب درج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
  • جوابی پرچہ پر ایریز یا انک ریموور کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

Share: